اہم خبرپاکستان

پاکستان اور ایتھوپیا کا تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایتھوپیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوباسے ملاقات میں کہی،ملاقات میںدونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری روابطو اقتصادی تعاون، باہمی دلچسپی کے اموراور علاقائی روابط سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ملاقات میں ایتھوپیا کے منسٹر کونسلر میلاو گیتاشیو اور سیاسی سفارت کاری کی انچارج کالکیڈان ٹیڈیسے بھی موجود تھیں ،ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے اقتصادی ترقی کے تجربات کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک کے معاشی ڈھانچوں میں مماثلتوں کا ذکر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ترقی کے لیے مقامی حالات اور ضروریات سے ہم آہنگ حکمت عملی اختیار کرنا اہم ہے۔ انہوں نے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔وفاقی وزیر خزانہ نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پائیدار اقتصادی استحکام حاصل کرنا اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر دیرپا ترقی ونموکے لیے سازگار ماحول تشکیل دینا ہے،ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دستیاب مواقع کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی اور بینکاری روابط بہتر بنانے کی اہمیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ایتھوپیا کے سفیر نے تجارتی اور سرمایہ کاری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے بینکاری شعبوں کے درمیان قریبی تعاون کو اہم قرار دیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص جاری تنازعات کے توانائی کی فراہمی، کھاد کی دستیابی اور غذائی تحفظ پر ممکنہ اثرات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر توانائی اور کھاد کی ترسیل کے نظام میں رکاوٹوں سے معیشتوں کو درپیش چیلنجز، بالخصوص زرعی پیداوار اور اقتصادی سرگرمیوں کے تسلسل پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے بیرونی اقتصادی جھٹکوں سے نمٹنے اور معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے پیشگی تیاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا،ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی روابط کے امکانات اور دوطرفہ تجارت کے ساتھ عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں ان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخزانہ نے ایتھوپیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، مالیاتی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *