وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت پشین میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا اور اسفندیار کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی پشین، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پشین کے قبائلی عمائدین اور علمائے کرام بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے وزیر داخلہ بلوچستان کو پشین میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ پشین سمیت صوبے بھر میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مثر اور سخت کی جائیں اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اہم خبربلوچستان
پشین میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ
