ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی چیٹس میں موجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن (E2EE) کی سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ 8 مئی 2026 سے نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد صارفین اس فیچر سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
یہ فیچر پہلی بار 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس کا مقصد صارفین کی نجی گفتگو کو مزید محفوظ بنانا تھا، تاکہ پیغامات صرف بھیجنے اور وصول کرنے والے افراد ہی پڑھ سکیں۔ تاہم یہ سہولت تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں تھی اور محدود پیمانے پر آزمائشی طور پر فراہم کی گئی تھی۔
میٹا نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ اپنی موجودہ چیٹس یا میڈیا محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو مقررہ تاریخ سے پہلے انہیں ڈاؤن لوڈ کر لیں، کیونکہ اس کے بعد یہ ڈیٹا دستیاب نہیں ہوگا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں ڈیجیٹل پرائیویسی اور سیکیورٹی کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ ایک جانب صارفین اپنی گفتگو کو محفوظ اور خفیہ رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کے دوران ڈیٹا تک رسائی کو ضروری قرار دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے صارفین کی پرائیویسی پر اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ کچھ حلقے اسے سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے اہم قرار دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے عالمی سطح پر بھی مختلف پالیسیاں زیر غور ہیں، جن میں صارفین کے حقوق اور سیکیورٹی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
