لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم سٹروک پروگرام فیز ون کے تحت صوبہ بھر میں مزید 24 پرائمری سٹروک سنٹر 30جون تک فنکشنل کرنے کا ہدف مقررکردیا-پرائمری سٹروک سنٹر میں نیورالوجسٹ اور نیوروسرجن تعینات کیے جائیں گے- پرائمری سٹروک سنٹرز میں فالج زدہ مریضوں کے فوری علاج کے لئے ڈاکٹرز کی خصوصی ٹریننگ بھی مکمل کر لی گئی –
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سی ایم سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی-رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں فنکشنل 15 پرائمری سٹروک سنٹر میں 700 فالج زدہ مریضو ں کو انجکشن لگائے گئے اوروہ زندگی بھر کی معذوری سے بچ گئے-یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور سروسزہسپتال، میو،گنگا رام اور پنز(جنرل ہسپتال) سٹروک مینجمنٹ سنٹرسروسز فراہم کررہے ہیں –
اجلاس میں مزید بتایا گیاکہ بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، نارووال، رحیم یارخان، راولپنڈی، سیالکوٹ، بھکر اور لیہ میں بھی پرائمری سٹروک سنٹر فنکشنل ہیں -پرائمری سٹروک سنٹر کو قریبی نیورالوجی سنٹر سے منسلک کیا جائے گا-پرائمری سٹروک سنٹر میں فالج زدہ مریضوں کے لئے”سپیشل سٹروک بے“ قائم کیا جائے گا-سی ایم سٹروک کے تحت لاہور کے چار، فیصل آباد اور ملتان کے 3، راولپنڈی کے2 ہسپتالوں میں پرائمری سٹروک سنٹر قائم ہوں گے-اجلاس میں بتایا گیا کہ گجرات، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، وہاڑی،جہلم، قصور، منڈی بہاوالدین، شیخوپورہ، ٹی ٹی سنگھ اور خانیوال میں بھی پرائمری سٹروک سنٹر بنیں گے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرائمری سٹروک سنٹر فیز ٹو کے تحت مزید17 شہرشامل کرنے کی منظوری دے دی-چکوال، پاکپتن، مظفرگڑھ، راجن پور، میانوالی، بہاولنگر، حافظ آباد، چنیوٹ اور لودھراں میں فیز ٹو میں پرائمری سٹروک سنٹر بنیں گے-پرائمری سٹروک سنٹر فیز ٹو میں خوشاب، اوکاڑہ، اٹک، ننکانہ صاحب،وزیر آباد، مری، کوٹ ادو اور تلہ گنگ شامل ہے- پنجاب میں چار مزید مکینکل تھرومبکٹامی سنٹرز (نیورو سرجری وغیرہ کیلئے جامع سٹروک سنٹر) بنانے کی منظوری دے دی-پنز لاہور اور آر آئی سی راولپنڈی میں کمپری ہنسیو سٹروک سنٹر فنکشنل، رحیم یار خان اور دیگر چار شہروں میں بھی جلد فنکشنل ہوں گے-ہولی فیملی راولپنڈی، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ہسپتال ملتان اور بی وی ایچ بہاولپور میں سٹروک سنٹر بنیں گے-
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سی ایم سٹروک پروگرام کیلئے ایڈوائزری کمیٹی قائم کر دی گئی- سی ایم سٹروک پروگرام کے لئے 12رکنی ایڈوائزری کمیٹی کی سربراہی ٰخواجہ سلمان رفیق کریں گے-سی ایم سٹروک پروگرام کے ایڈوائزری کمیٹی کے پروفیسر قاسم بشیرکنوینر مقررکر دئیے گئے-
