وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں ہوگا، جس سے کاروباری روابط میں وسعت اور برآمدات میں اضافے کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر تجارت نے بتایا کہ پاکستان،یورپی یونین بزنس فورم 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوگا، جس میں 300 سے زائد یورپی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس فورم کے دوران پاکستانی اور یورپی کمپنیوں کے درمیان سینکڑوں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوں گی، جو باہمی تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیرف اصلاحات اور درآمدی پالیسی میں بہتری کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے شفاف اور مستحکم پالیسیوں کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ملاقات میں پاکستان، یورپی یونین اور خلیجی ممالک کے درمیان سہ فریقی سرمایہ کاری مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ نجی شعبے کے روابط کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
’’اے پی پی ‘‘ کے مطابق جام کمال خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ بزنس فورم پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور ملک کا مثبت اور کاروبار دوست تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔ حکومت اس اہم ایونٹ کی کامیابی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اسے مستقبل میں ایک مستقل پلیٹ فارم بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یورپی سفیر نے پاکستان کی برآمدی کارکردگی میں جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاکستانی برآمدات کے لیے ایک اہم ستون قرار دیا۔؎
