وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس کے نظام میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی، غیر قانونی معیشت کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس کی شرح بڑھانا اولین ترجیح ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالرز کا 2 حصوں پر مشتمل یورو بانڈ جاری کیا ہے، یہ یورو بانڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بانڈ ٹرانزیکشن ہے، یورو بانڈ کا اجراء عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔
پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں 3 ارب ڈالر کے بین الاقوامی یورو بانڈز جاری کر دیے
محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ساڑھے 5 سال اور 10 سال کی مدت کے یورو بانڈ کے لیے بہتر قیمت حاصل ہوئی ہے، 3 ارب ڈالرز کا یورو بانڈ کا اجراء کوئی عارضی یا اچانک فیصلہ نہیں، یورو بانڈ 3 سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا ہے کہ اپریل 2025ء سے پاکستان کی ریٹنگ میں 3 بار بہتری آئی، ایشیاء، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں نے یورو بانڈ میں دلچسپی ظاہر کی، عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد صرف موجودہ صورتِ حال نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل پر بھی ہے۔
پاکستانکاروبار
ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے: محمد اورنگزیب
