اہم خبرپاکستان

مذاکرات ناکام، جماعت اسلامی کا دھرنا اور لانگ مارچ جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد:جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ اور دھرنوں کی کال واپس لینے سے انکار کردیا ۔منگل کو اسلام آباد میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات، پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز سمیت اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے وزیراعظم کے سو روپے فی لیٹر ریلیف پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر وزیراعظم ٹاسک فورس اور وزیر توانائی اویس لغاری نے بریفنگ دی، جبکہ آئی پی پیز کے معاملات پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے مطابق 54 آئی پی پیز کے معاملات فائنل ہونے اور مجموعی طور پر 4 ہزار 546 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ اتنی بڑی بچت کا فائدہ عوام کو کیوں نہیں دیا گیا۔لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے، کیونکہ لیوی اور ٹیکس کا بوجھ کم ہونے سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا سو روپے فی لیٹر ریلیف پیکیج عوامی دبا کو موڑنے کی کوشش ہے، جسے جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو وقت کی اہمیت سمجھنی ہوگی، پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، جبکہ بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ لیاقت بلوچ نے دوٹوک اعلان کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا، ملک بھر سے عوام اسلام آباد کی طرف آئیں گے اور 20 ستمبر کی کال واپس نہیں لی جائے گی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *