اسلام آباد: ٌنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک گیر سطح پر اسکیم کے آغاز کے بعد اس پر عملدرآمد، رجسٹریشن کے عمل، ٹوکن کے استعمال اور فیول اسٹیشنز کو ادائیگیوں سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے حکام کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین اور فیول اسٹیشنز کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے چوبیس گھنٹے (24/7) پر مشتمل ایک مخصوص اور فعال نظام فوری طور پر قائم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صارفین اور پٹرول پمپ مالکان کو کسی بھی تکنیکی معاونت کی فراہمی کے لیے بھی چوبیس گھنٹے کا میکنزم فعال رکھا جائے۔ڈپٹی وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ درست ٹوکن پیش کرنے والے کسی بھی شہری کو واپس نہ بھیجا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ ریلیف بغیر کسی رکاوٹ اور غیر ضروری مشکلات کے براہِ راست مستحق افراد تک پہنچے۔اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پٹرولیم، اقتصادی امور، اطلاعات و نشریات، اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے علاوہ معاون خصوصی طارق باجوہ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین اوگرا نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سیکریٹری پٹرولیم، پنجاب اور سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے
اہم خبرپاکستان
اسحاق ڈار کی فیول ریلیف اسکیم، شکایات کے فوری ازالے کیلئے 24 گھنٹے نظام قائم کرنے کی ہدایت
