پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیمیں آج دوسرے ون ڈے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی جہاں مقابلہ انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ یہ میچ میرپور میں کھیلا جائے گا اور پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگا۔ سیریز کے پہلے میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلہ فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔
پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا تھا، جس کے بعد اسے سیریز میں برتری حاصل ہوگئی۔
دوسرے میچ میں پاکستان کے لیے کامیابی انتہائی ضروری ہے کیونکہ شکست کی صورت میں سیریز ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز میں واپسی ممکن بنائی جائے۔ دوسری جانب بنگلادیش کی ٹیم اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور فتح حاصل کر کے سیریز اپنے نام کرنے کے لیے پُرعزم نظر آتی ہے۔
