کوئٹہ : کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے سالانہ انتخابات برائے 2026-28کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس سے تعلق رکھنے والے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور مقررہ انتخابی ضوابط کے مطابق مکمل کیا گیا۔وزارت تجارت ڈائریکٹریٹ اور ٹریڈ آرگنائزیشن، ڈی جی ٹی او نے تمام الیکشن کو مانیٹر کیا،اور موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کوئٹہ کے نمائندے زین العابدین نے الیکشن آبزرور کی حیثیت سے انتخابی عمل کو مانیٹرکرتے ہوئے انتخابی مراحل کا جائزہ لیا۔الیکشن کمیشن اور متعلقہ عملے نے انتخابات کے تمام مراحل میں مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا، جبکہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانب داری کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے۔الیکشن کمیشن نے تمام بلا مقابلہ منتخب ہونے والے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب ممبران چیمبر کی ترقی، کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور بلوچستان میں تجارت و صنعت کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔نومنتخب ممبران نے بھی چیمبر کے معاملات کو مزید موثر بنانے، کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور تجارت و صنعت کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں اور موثر اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے انتخابات 2026-28کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انتخابی عمل اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ آئندہ
مراحل بھی مقررہ انتخابی قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔ جس میں صدر، سنیئر نائب صدر اور نائب صدر کا انتخاب ہوگا۔
اہم خبربلوچستان
کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کےانتخابات 2026-28 کا پہلا مرحلہ مکمل
