اہم خبربلوچستان

آزاد اور ذمہ دار صحافت عوامی مسائل اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے,گورنر مندوخیل

کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ سیاست اور صحافت ایک دوسرے کے معاون شعبے ہیں جبکہ ایک مضبوط اور ذمہ دار میڈیا معاشرے میں شہریوں کو ان کے حقوق و فرائض کا احساس دلانے میں اہم کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ہم ہمیشہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ میڈیا پرسنز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کئی دہائیوں سے صحافی برادری کے ساتھ انتہائی خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) بلوچستان کے صدر محمد حنیف جمالی کی قیادت میں پی جے اے کے عہدیداران پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے محمد شاہد مگسی، ہما بلوچ، سمیرہ راجپوت، مہوش، فردوس، فریا بتول، مس نورین، مس دنیا، جہانزیب، اکرم، ارون کمار، محمد شہزاد، فیروز جمالی، محمد ظفر جمالی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ میڈیا ریاست کا ایک نہایت اہم ستون ہے اور پروفیشنل صحافی اپنے پیشہ ورانہ معیار اور وقار کو برقرار رکھنے کیلئے کافی محنت اور جدوجہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور آزاد صحافت معاشرے میں عوامی مسائل اجاگر کرنے، اداروں کو جوابدہ بنانے اور عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ انہوں نے روزِ اول سے گورنر ہاس کے دروازے میڈیا پرسنز سمیت تمام عوام کیلئے کھلے رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے مسائل اور پیشہ ورانہ ضروریات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائیگا۔ آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پاکستان جرنلسٹس ایسوسی کے بارہویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک بھی کاٹا ۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *