اہم خبربلوچستان

طلباء کرپشن کے خاتمے اور پاک معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں,نیب بلوچستان

کوئٹہ : قومی احتساب بیورو بلوچستان کا الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ میں ”نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں، نیب بلوچستان نے الحمد اسلامک یونیورسٹی، سٹی کیمپس میں ”نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار” کے عنوان سے ایک سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔۔ الحمد اسلامک یونیورسٹی کے رجسٹرار عبدالرحیم نے ڈائریکٹر نیب (بلوچستان) محمد سلیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر اور نیب کی ٹیم کا استقبال کیا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں اساتذہ اور طلباءنے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب بلوچستان جناب سلمان اکبر نے شرکاءکو اپنے آگاہی لیکچر کے دوران نیب کے طریقہ کار، وژن، مشن اور کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بیان کیا۔ ڈائریکٹر نیب محمد سلیم احمد نے طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمے میں اُن کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خود احتسابی پر زور دیا اور کہا کہ اسلام میں بدعنوانی اور بددیانتی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے اقربا ءپروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گردانا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے طلباءکی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ اس موقع پر الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ کے رجسٹرار فہیم عباس نے نیب بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے اہم رکن ہونے کے ناطے طلباءکی مشترکہ کوششیں کرپشن سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ نیب بلوچستان کی جانب سے ڈائریکٹر نیب محمد سلیم احمد نے ایڈیشنل رجسٹرار فہیم عباس کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر دونوں اطراف سے باہمی تشکر اور ممنونیت کا اظہار کیا گیا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *