کاروبار

پاکستان اور جرمنی کے درمیان 18 ملین یورو گرانٹ کے معاہدے پر دستخط

پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون کے تحت 18 ملین یورو کی گرانٹ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد ملک کے شمالی علاقوں میں گرین انرجی اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینا ہے تاکہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو ماحول دوست طریقوں سے پورا کیا جا سکے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور جرمنی کے سرکاری ترقیاتی بینک کے درمیان طے پایا ہے، جس کے تحت جرمن بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کو 18 ملین یورو کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ اس رقم کو خصوصی طور پر شمالی علاقوں میں توانائی کے پائیدار اور ماحول دوست منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔

معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ جرمن ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سباسچیئن جیکوبی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور نے جرمن حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی معاونت ماحول دوست توانائی کے حل کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرے گی اور خطے کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

جرمن ترقیاتی بینک کے نمائندے نے اس موقع پر کہا کہ اس گرانٹ کے ذریعے شمالی علاقوں کے عوام کو سبز اور پائیدار توانائی تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ ان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *