پاکستانکاروبار

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز اضافہ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں منگل کو مسلسل دوسرے روز اضافہ ہوا،مشرقِ وسطیٰ میں جاری امریکہ اور ایران کے تنازع کے باعث تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے خطے سے خام تیل کی برآمدات میں بحالی کے آثار کو پیچھے چھوڑ دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو برینٹ خام تیل کے فی بیرل نرخ میں 1.49 ڈالر، یعنی 1.4 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت 107.30 ڈالر تک پہنچ گئی،امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1.34 ڈالر، یعنی 1.5 فیصد اضافے کے بعد 94.25 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ KCM Trade کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق خلیجی خطے سے تیل کی برآمدات میں اضافے کی واضح تصویر سامنے آ رہی ہے، تاہم اس اضافے کا بڑا حصہ شپ ٹو شپ منتقلی جیسے متبادل طریقوں پر انحصار کر رہا ہے، ان کے مطابق یہ طریقے معمول کی ترسیل کے مقابلے میں زیادہ مہنگے اور کم مؤثر ہیں، جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے Kpler کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک سے ستمبر میں خام تیل کی برآمدات بڑھ کر 12.8 ملین بیرل یومیہ ہو گئیں، جو فروری کے بعد بلند ترین سطح ہے،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے اضافی ترسیلات نے اس اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *