اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے طلبا کو ریلیف دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ ایم ٹیگ کے معاملے میں طلبا کے ساتھ نرمی برتی جائے اور انہیں غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کیا جائے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کا کہنا تھا کہ طلبا تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں، اس لیے انہیں سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم خود طالب علم تھے تو اس وقت بھی طلبا کے لیے خصوصی رعایت اور ریلیف دیا جاتا تھا۔ عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ اس معاملے میں طلبا کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب سہولت اور رعایت فراہم کی جائے تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
