پشاور میں مہنگائی کا دباؤ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے جہاں ایک ہفتے کے دوران مرغی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مرغی کی فی کلو قیمت میں 45 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد پولٹری مارکیٹ میں زندہ مرغی کی قیمت 405 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
شہر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ صرف مرغی تک محدود نہیں رہا بلکہ دیگر ضروری اشیاء بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔ آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2700 روپے تک پہنچ چکا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اسی طرح کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے۔ پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ کر 50 روپے فی کلو تک اضافے کے ساتھ فروخت ہو رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر سب سے زیادہ بوجھ پڑ رہا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
