کاروبار

ریلائنس انڈسٹریز نے ایران سے 50 لاکھ بیرل خام تیل درآمد کر لیا

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز نے امریکی پابندیوں میں عارضی نرمی کے بعد ایران سے 50 لاکھ بیرل خام تیل خرید لیا ہے، جس کی تصدیق معاملے سے واقف ذرائع نے کی ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی تیل سے متعلق بعض پابندیوں میں 30 روزہ چھوٹ کا اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے ریفائننگ کمپلیکس کو چلانے والی بھارتی کمپنی نے یہ تیل نیشنل ایرانین آئل کمپنی سے خریدا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خام تیل کی قیمت عالمی بینچ مارک آئس برینٹ فیوچرز کے مقابلے میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل زیادہ طے کی گئی، تاہم اس کی ترسیل کی تاریخ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔ حالیہ برسوں میں ایرانی تیل زیادہ تر چینی ریفائنریز خریدتی رہی ہیں اور اسے اکثر کسی دوسرے ملک کے نام سے فروخت کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے جمعہ کے روز ایک محدود مدت کے لیے پابندیوں میں نرمی دی، جس کا اطلاق ان تیل بردار جہازوں پر ہوتا ہے جو 20 مارچ تک لوڈ ہو چکے ہوں اور 19 اپریل تک اپنی منزل پر پہنچ جائیں۔ اس رعایت میں وہ ٹینکرز بھی شامل ہیں جو پہلے پابندیوں کی زد میں تھے۔
یہ معاہدہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ بھارت نے مئی 2019 میں ایران سے تیل کی درآمد بند کر دی تھی، جب امریکہ نے تہران پر دوبارہ سخت پابندیاں عائد کی تھیں۔ اب تقریباً سات سال بعد یہ پہلی بڑی خریداری سامنے آئی ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی پابندیوں میں حالیہ نرمی کے بعد بھارتی ریفائنریز روس سے بھی 4 کروڑ بیرل سے زائد خام تیل خرید چکی ہیں تاکہ سپلائی میں کمی کو پورا کیا جا سکے۔
ادھر ایشیا کی دیگر ریفائنریز بھی ایرانی تیل خریدنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں، تاہم چین کی بڑی سرکاری کمپنی Sinopec نے فی الحال ایرانی تیل نہ خریدنے کا عندیہ دیا ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *