اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق جولائی 2026 کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 3.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.51 فیصد اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں بڑی صنعتوں کا کوانٹم انڈیکس 119.13 ریکارڈ کیا گیا۔ صنعتی شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو گارمنٹس کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 22.03 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آٹوموبائل کی پیداوار 57.01 فیصد بڑھ گئی۔جولائی کے دوران سیمنٹ کی پیداوار میں 6.17 فیصد، پٹرولیم مصنوعات میں 1.34 فیصد اور کاٹن یارن کی پیداوار میں 2.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب بعض اہم صنعتی شعبوں کی پیداوار میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ اعداد و شمار کے مطابق کھاد کی پیداوار 4.71 فیصد کم ہوئی، جبکہ آئرن اینڈ اسٹیل کی پیداوار میں 11.40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاٹن کلاتھ کی پیداوار میں بھی 0.09 فیصد معمولی کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق بڑی صنعتوں کی مجموعی شرح نمو میں گارمنٹس شعبے کا حصہ 3.87 فیصد رہا، جبکہ آٹوموبائل کا حصہ 1.91 فیصد اور سیمنٹ کا حصہ 0.36 فیصد رہا۔اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی میں بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں اضافہ بنیادی طور پر بعض مینوفیکچرنگ شعبوں کی بہتر کارکردگی کے باعث ریکارڈ کیا گیا، تاہم کھاد، آئرن اینڈ اسٹیل اور کاٹن کلاتھ سمیت چند شعبوں میں کمی بھی سامنے آئی۔
اہم خبرپاکستانکاروبار
بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی 2026 کے دوران 3.03 فیصد اضافہ
