ویسے تو موسم سرما میں سبزیوں اور پھلوں کی بہتات ہوتی ہے۔مگر شلجم اللہ بزرگ و برتر کی عطا کردہ ایسی سوغات ہے جو ہم انسانوں کو موسم کی شدتوں کو برداشت کرنے اور اپنی توانائیوں کو بحال رکھنے کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔شلجم ایک ایسی سبزی ہے جو کہ پودے کی جڑ ہوتی ہے اور عام طور پر ہر گھر میں ترکاری یا گوشت کے ساتھ روزمرہ پکا کر استعمال کی جاتی ہے۔
اس کا اچار گاجر کے ساتھ اور علیحدہ دونوں شکلوں میں تیار کیا جاتا ہے۔
شلجم کی غذائی اہمیت:
یہ ایک اہم سبزی ہے جو ذائقے اور خواص کے لحاظ سے بھی بھرپور ہے اس میں کاربیدہ (کاربوہائیڈریٹس) نمکیات و معدنیات کا خزانہ موجود ہے اور اس کا ریشہ یعنی فائبر نظامِ ہضم کے لئے انتہائی مفید جز ہے۔
دوائی خصوصیات:
چونکہ نباتات ہمیشہ سے اپنے اندر دوائی خواص رکھتی ہیں، شلجم کے پتے، بیج، جڑ سب ہی موٴثر ادویاتی خواص کے حامل ہوتے ہیں۔
اطباء زمانہ قدیم سے ادویات میں شامل کرتے آئے ہیں، گھریلو طور پر پھوڑے پھنسی کے علاج کے لئے یا چوٹ سے گوشت کے اندرونی طور پر زخمی ہو جانے پر شلجم کو راکھ میں دبا کر نرم کر کے اس کی پلٹس باندھنے سے تکلیف میں آرام ملتا ہے۔سردی کے موسم میں ایڑیاں پھٹنے کی شکایات میں بھی شلجم کا اُبلا ہوا نرم گودا ناریل کے تیل میں ملا کر لگایا جاتا ہے۔
شلجم کے پتے پیشاب آور ہوتے ہیں، یہ گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کے لئے تریاق ہے۔شلجم میں وٹامن C کی وافر مقدار موجود ہے۔یہ سانس کے امراض کے لئے بھی مفید سبزی ہے۔بڑی آنت کے مختلف امراض جن میں کینسر سرفہرست ہے اس کے خلاف بھرپور مدافعتی قوت بحال کرتے ہیں۔وٹامن C سے جلدی خشکی، داد جیسے امراض اور ٹشو کی مرمت کے لئے مفید ہے۔نباتات کے ماہرین کہتے ہیں کہ شلجم کا تھوڑا سا عرق پینے سے پھیپھڑوں اور نظامِ تنفس کو تقویت ملتی ہے یہ دمے کے مریضوں کے لئے موٴثر ترین اور سادہ ٹوٹکا ہے۔
شلجم کا عرق اسے صاف پانی میں اُبال کر باآسانی تیار کیا جا سکتا ہے۔تازہ تازہ بنا کر مریض کو کمرے کے درجہ حرارت میں ٹھنڈا کر کے پلانے سے نزلے، کھانسی میں آرام ملتا ہے۔وٹامن C کے ساتھ ساتھ اس سبزی میں فولیٹ اور بیٹا کیروٹین بھی موجود ہیں۔
شلجم کے تیار کردہ عام گھریلو کھانے:
برصغیر پاک و ہند میں شلجم پالک، شلجم گوشت، شلجم کا بھرتا اور ایک مشہور کشمیری کھانا جو مختلف اقسام کے گوشت کے ساتھ شلجم کو شامل کر کے تیار کیا جاتا ہے شب دیگ کہلاتا ہے خاص اہمیت کا حامل ہے۔یہ تمام کھانے لذت کام و دہن کے ساتھ ساتھ انسانی بدن کو موسم کی شدتوں کو جھیلنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
