بلوچستان

میر سرفراز بگٹی کا کہنا، بلوچستان کے کھلاڑی صوبے کی شان بڑھا رہے ہیں

کوئٹہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے انٹرنیشنل کک باکسر نثار احمد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی انجنیئر زمرک خان اچکزئی بھی یہاں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران نثار احمد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپنے کھیل کے سفر، حاصل کردہ کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوان کھلاڑی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کھیلوں کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر نوجوان باکسر نثار احمد کی ہر ممکن معاونت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھیلوں کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *