بلوچستان

علاقے کی ترقی کا بنیادی ستون، بارکھان تا رکنی روڈ کی اہمیت واضح

کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی نے بارکھان تا رکھنی زیرِ تعمیر اہم شاہراہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کے ساتھ متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر زرغون کنسٹرکشن کمپنی ظفر علی کھوسہ نے کمشنر کو منصوبے کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال، درپیش چیلنجز اور تکمیل کے شیڈول سے آگاہ کیا۔
کمشنر نے سڑک کے مختلف حصوں کا موقع پر معائنہ کیا اور کام کے معیار، رفتار اور میٹریل کے استعمال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔کمشنر نے کام کی سست روی اور ناقص پیش رفت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ٹھیکیدار و متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبہ ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور محفوظ سفری سہولت میسر ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بارکھان تا رکھنی روڈ علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور اس کی بروقت تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
کمشنر نے متعلقہ افسران کو روزانہ مانیٹرنگ کی ہدایت دی اور معیار پر کسی قسم کے سمجھوتے کی سختی سے ممانعت کی۔آخر میں کمشنر نے عوام کے لیے حقیقی ریلیف اور علاقے میں ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور بروقت تکمیل کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *