اہم خبربلوچستان

جنوبی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کی 23 کھلی کچہریاں

کوئٹہ : جنوبی بلوچستان میں عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے اور مقامی آبادی کے مسائل کے حل کے لیے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں اور جرگوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ستمبر 2026 کے دوران تربت، مند، بلیدہ، ہوشاب، دشت، پنجگور، خاران اور ماشکیل میں مجموعی طور پر 23 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں۔کھلی کچہریوں اور جرگوں میں مقامی عمائدین، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے علاقوں کو درپیش مختلف مسائل حکام کے سامنے براہِ راست پیش کیے۔اس موقع پر امن و امان، صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق عوامی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شہریوں نے مقامی سطح پر درپیش مشکلات اور ضروریات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ باہمی تعاون اور مؤثر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ حکام نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مقامی آبادی اور انتظامیہ کے درمیان مسلسل رابطہ ضروری ہے۔مقامی آبادی نے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی سطح پر رابطوں اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کو مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے فورمز کے ذریعے انہیں اپنے مسائل متعلقہ حکام تک براہِ راست پہنچانے اور ان کے حل کے لیے پیش رفت جاننے کا موقع ملتا ہے۔حکام کے مطابق عوامی رابطوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ مقامی آبادی کے مسائل کی نشاندہی، ان کے حل اور علاقے میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط اقدامات کیے جا سکیں

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *