اسلام آباد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ اور نائب صدر کاجا کالس کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی جس دوران مختلف امور کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باقاعدہ اور قریبی رابطوں کو سراہا۔ انہوں نے حال ہی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے اسلام آباد مذاکرات کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کا جا کالس نے پاکستان میں امریکہ ایران براہ راست مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کےلئے پاکستانی تعمیری کردار کو سراہا۔ فریقین نے تنازعے کے حل کےلئے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتے تعاون کا مثبت انداز میں جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
