صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی و صوبائی مشیر لوکل گورنمنٹ نوابزادہ میر حمزہ زہری کی زیر صدارت 14ویں لوکل کونسل و فنانس کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ، اسپیشل سیکرٹری خزانہ عارف اچکزئی و دیگر متعلقہ افیسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی مضبوطی ہی حقیقی جمہوریت کی بنیاد ہے ، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوام کے اکثر مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکتے ہیں ، ہم اسے مضبوط کرنے کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو چاہیے کہ وہ اپنی آمدن میں بھی اضافہ کرے تاکہ کچھ حد تک مالیاتی خودمختیاری حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ضروری مشینری کی فوری طور پر خریداری یقینی بنائی جائے تاکہ ہنگامی حالات میں مؤثر رسپانس اور مسائل سے نمٹنے کے لیےمشینری کا ہونا اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو دئیے جانے والی گرانٹس میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ نچلی سطح پر ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع ہو جائے ۔ صوبائی حکومت لوکل اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی کیونکہ مقامی حکومتوں کا فعال ہونا ہی عوامی مسائل کے حل کا ضامن ہے۔
