صحبت پور میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ تھے ۔ تقریب میں کنسٹرکشن آف ایڈیشنل رومز پراجیکٹ کے تحت 32 پی ٹی ایس ایم سی (PTSMC) کے نمائندگان میں اپنے اپنے اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ، و ڈپٹی کمشنر صحبت پور میڈم فریدہ ترین نے چیکس تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہےاور اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اس کا اہم حصہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اضافی کمروں کی تعمیر اور اسکولوں کی مرمت سے نہ صرف طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا بلکہ اساتذہ بھی بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ اداروں اور اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مستقبل میں بھی ایسے منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گی تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے حکومت بلوچستان کی تعلیمی بہتری کے لیے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
