اہم خبر

آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا کا نیا عالمی بلاک تشکیل دینے کا انکشاف

آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی بحالی کے لیے امریکا نے ایک نیا بین الاقوامی اتحاد بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اس اتحاد کا مقصد خطے میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مجوزہ اتحاد کو ’میری ٹائم فریڈم کنسٹرکٹ‘ (ایم ایف سی) کا نام دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کا ذکر امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مختلف امریکی سفارت خانوں کو بھیجے گئے ایک سرکاری مراسلے میں کیا گیا، جس میں سفارتکاروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ دیگر ممالک کو اس اتحاد میں شامل ہونے پر آمادہ کریں۔

ذرائع کے مطابق امریکا کی قیادت میں قائم ہونے والا یہ اتحاد معلومات کے تبادلے، سفارتی ہم آہنگی اور پابندیوں کے مؤثر نفاذ پر کام کرے گا۔ اس کے ذریعے خطے میں بحری سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور جہازرانی کو درپیش خطرات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ اتحاد امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے باہمی تعاون سے چلایا جائے گا۔ محکمہ خارجہ سفارتی رابطوں کا مرکز ہوگا، جبکہ سینٹکام کمرشل شپنگ کے لیے ریئل ٹائم بحری معلومات فراہم کرے گا اور اتحادی افواج کے درمیان معلومات کے تبادلے کو مربوط بنائے گا۔

ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق یہ منصوبہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس موجود کئی سفارتی اور پالیسی آپشنز میں سے ایک ہے، جس کے ذریعے امریکا خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کی صورتحال کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *