کولمبو: صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ، جنہیں ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) ایشیا پیسیفک کانفرنس 2026 کی افتتاحی نشست میں بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا تھا، نے گزشتہ دو روز کے دوران سری لنکا کے نائب وزیر صحت ڈاکٹر ہنسکا وجیمونی، سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر نیّر نصیر، اوسلو یونیورسٹی کی پروفیسر کرسٹین برا اور سری لنکا میں عالمی ادار? صحت کے نمائندے ڈاکٹر راجیش پانڈو سے ملاقاتیں کیں۔ سری لنکا کی وزارتِ صحت اور نیپال کے وفود نے بھی ان سے ملاقات کی۔ تمام ملاقاتوں میں صوبائی کوآرڈینیٹر بلوچستان ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (BHMIS) و ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2)، ڈاکٹر ابابکر بلوچ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کانفرنس اور ملاقاتوں کے دوران اوسلو یونیورسٹی اور مختلف ممالک کے نمائندگان کی جانب سے بلوچستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ کے فروغ اور صحت کے شعبے میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کو بھرپور سراہا گیا۔ بالخصوص مختصر مدت میں وسیع پیمانے پر اصلاحات، ڈیجیٹل نظام کے پھیلاؤ اور اعدادوشمار پر مبنی نگرانی و فیصلہ سازی میں پیش رفت کی تحسین کی گئی اور ان اقدامات کو مزید آگے بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔سری لنکا کے نائب وزیر صحت کے ساتھ ملاقات میں بلوچستان اور سری لنکا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون، تجربات کے تبادلے اور تکنیکی مہارت سے استفادے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ معیاری طبی خدمات، بیماریوں کی روک تھام، صحت کے فروغ، افرادی قوت کی تربیت، جدید طبی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ہیلتھ کو خصوصی اہمیت دی گئی۔اس موقع پر سری لنکا کے بنیادی صحت کے نظام، قومی غذائیت پروگرام، غیر متعدی امراض کی روک تھام، «آروگیا سْوا» پروگرام اور اسکول کینٹینوں کے لیے صحت سے متعلق رہنما اصولوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب کے تجربات اور عملی چیلنجز کا جائزہ لیتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت اور مشترکہ تعاون کے پروگراموں کے امکانات زیرِ غور آئے۔دورے کے دوران پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر نیّر نصیر سے بھی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات وزیر صحت بلوچستان کے دورہ سری لنکا کے دوران ہونے والے اہم سفارتی روابط کا حصہ تھی۔پروفیسر کرسٹین برا، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور سری لنکا و نیپال کے وفود کے ساتھ ملاقاتوں میں صحت کے نظام کی بہتری، ڈیجیٹل ہیلتھ اور باہمی تجربات سے استفادے پر گفتگو کی گئی۔ علاقائی و بین الاقوامی روابط کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے اور مؤثر و پائیدار شراکت داری کو آگے بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
اہم خبربلوچستان
بخت محمد کاکڑ کی سری لنکا میں صحت و ڈیجیٹل ہیلتھ تعاون پر اہم ملاقاتیں
