صوبائی وزیر و پاکستان پیپلز پارٹی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن حاجی میر علی مدد جتک نے یومِ مئی (عالمی یومِ مزدور) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محنت کش طبقے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم مئی ہمیں محنت کشوں کی عظیم قربانیوں، جدوجہد اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے۔حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مزدوروں کی فلاح، بہتر اجرت، محفوظ ماحول اور سماجی تحفظ کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں مزدور طبقے کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور صوبائی حکومت محنت کشوں کے مسائل کے حل، روزگار کے مواقع بڑھانے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ، ان کے جائز مطالبات کی حمایت اور انہیں باعزت مقام دلانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔آخر میں حاجی میر علی مدد جتک نے تمام محنت کشوں کو یومِ مئی کی مناسبت سے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی طبقہ ملک و قوم کی اصل طاقت ہے اور ان کی خوشحالی ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔
