لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر فیک اور ہوکس کالز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق اب ایسی کالز کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔
اتھارٹی نے ٹاپ 5 ہوکس کالرز کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی اور غیر متعلقہ کالز کے باعث ہیلپ لائن مصروف رہتی ہے، جس سے حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کو بروقت مدد ملنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میدان جنگ بن گیا، دو گروپس آپس میں لڑ پڑے
اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 کے دوران ہیلپ لائن 15 پر 7 لاکھ 24 ہزار سے زائد ہوکس اور غیر متعلقہ کالز موصول ہوئیں۔ سیف سٹی کی جانب سے ہر ماہ تقریباً 200 ایسے کالرز کو وارننگ اور تنبیہ کے لیے کال بیک بھی کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ون فائیو (15) حکومتِ پنجاب کی جانب سے شہریوں کے لیے مفت ایمرجنسی سروس ہے اور اس کا غیر ضروری استعمال قانوناً جرم ہے، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ہیلپ لائن 15 کو صرف ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کریں۔ سیف سٹی حکام کے مطابق ادارہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری معاونت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت متحرک اور پُرعزم ہے۔
ضلع خیبر: مسلح افراد کی فائرنگ سے سرکاری سکول ٹیچر جاں بحق
