کراچی عید الاضحیٰ کی آمد میں اب صرف 8 دن باقی رہ گئے، عید قرباں قریب آتے ہی کراچی ناردرن بائی پاس پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی عوام دوست منڈی میں خریداروں کا رش ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے مختلف اضلاع سے قربانی کے خوب صورت اور بھاری بھر کم جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے، اب تک عوام دوست منڈی میں پہنچنے والے جانوروں کی مجموعی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر منڈی طارق تنولی کا کہنا ہے کہ شہری مناسب قیمتوں پر اپنے من پسند جانور خرید کر ہنسی خوشی گھروں کو لوٹ رہے ہیں ، میڈیا سیل کے انچارج ذکی ابڑو نے کہا کہ اب تک منڈی سے 70 سے 80 ہزار جانور فروخت ہو چکے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، صرف گزشتہ 3 روز کے دوران کراچی والوں نے 25 ہزار سے زائد قربانی کے جانور خریدے ہیں۔
