لاہور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک مدبر، باوقار، بااصول اور انتہائی مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اللہ کے دین کی سربلندی، تحریک اسلامی اور پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ امیرالعظیم نے شدید علالت کے باوجود جس صبر، استقامت اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ کارکنان کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ بیماری نے ان کے حوصلے کو کبھی متزلزل نہیں کیا۔ ان کی وفاداری، اخلاص، دیانت، تنظیمی بصیرت اور تحریک سے غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امیرالعظیم کی رحلت جماعت اسلامی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم ان کی زندگی، جدوجہد اور کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔
امیر جماعت اسلامی نے جماعت اسلامی کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور ملک بھر کے وابستگان سے مرحوم کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی، تنظیمی اور قومی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
پاکستان
امیر العظیم کا انتقال ، جماعت اسلامی مدبر ، باوقار اور انتہائی مخلص رہنما سے محروم ہو گئی : حافظ نعیم الرحمان
