ویڈیوز کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی تخلیقی سرگرمیوں کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک ڈیجیٹل مواد کی طاقت بنتا جا رہا ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جیسے ہی دنیا 2026 میں داخل ہو رہی ہے، پاکستانی تخلیق کاروں کی صلاحیتیں صرف ملک کے اندر ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں ہو رہی ہیں اور دنیا بھر کے ناظرین کو متاثر کر رہی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران 25 ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز نے 10 ہزار سبسکرائبرز کا سنگ میل عبور کیا۔ اسی طرح 13 ہزار سے زیادہ چینلز ایسے تھے جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
مزید برآں ایک ہزار سے زائد پاکستانی چینلز نے دس لاکھ سبسکرائبرز حاصل کر کے عالمی سطح پر پاکستانی مواد کے معیار اور مقبولیت کو ثابت کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی یوٹیوب مواد کے مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد سے زائد حصہ بیرون ملک ناظرین پر مشتمل ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی تخلیق کار عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔
گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے بزنس و آپریشنز فرحان قریشی کے مطابق پاکستانی تخلیق کار صرف مقامی ناظرین تک محدود نہیں بلکہ وہ ایسی کہانیاں اور مواد تخلیق کر رہے ہیں جو دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کر رہا ہے۔
