اہم خبر

پنجاب میں دفعہ 144 کی مدت میں توسیع، ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی عائد

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کردی گئی،صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر مکمل پابندی عائدکردی گئی،محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے تحت آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی،ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہے،اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنیٰ قراردیئے گئے ہیں،محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت کیلئے ضلعی سطح پر “سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” تشکیل دیدی،زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت ضلعی “سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” دیگی،”سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” کی تحریری اجازت سے ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہو گا۔
ترجمان کاکہناتھا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے،سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈرون پر پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت لگائی،پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *