اہم خبربلوچستان

معذوری رکاوٹ نہیں، جدید ٹیکنالوجی سے باہمت افراد خودمختار بن سکتے ہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(خ ن)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بدولت انسان جسمانی طور پر معذور ہو سکتا ہے لیکن مجبور ہرگز نہیں ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے ایسے بے شمار امکانات پیدا کر دیے ہیں جن کے ذریعے جسمانی معذوری رکھنے والے افراد نہ صرف اپنی زندگی خودمختار انداز میں گزار سکتے ہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کی خدمت اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مو¿ثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس ضمن میں اسپیشل پرسن سید رفیع اللہ جیسے نوجوان ہمارے لیے صرف خصوصی افراد نہیں بلکہ عزم، ہمت اور امید کی روشن مثال ہیں۔ گورنر مندوخیل نے سید رفیع اللہ کی تعلیمی خواہش اور مستقبل کے عزائم کو سراہتے ہوئے انہیں لیپ ٹاپ فراہم کرنے اور ان کی خواہش کے مطابق متعلقہ تعلیمی شعبے میں فوری طور داخلہ دلانے کی ہدایت کی۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاو¿س کوئٹہ میں اسپیشل پرسن سید رفیع اللہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دونوں ہاتھوں سے محروم سید رفیع اللہ نے عزم، حوصلے اور غیرمعمولی صلاحیتوں کی ایسی زندہ مثال قائم کی ہے جو اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے کہ جسمانی معذوری انسان کے خوابوں، صلاحیتوں اور کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مواقع، سہولیات اور حوصلہ فراہم کیا جائے۔ گورنر مندوخیل نے عالمی شہرت یافتہ سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ شدید جسمانی معذوری کے باعث اپنی زندگی کا بیشتر حصہ وہیل چیئر تک محدود رہے لیکن اپنی غیرمعمولی ذہانت، ریسرچ اور بلند عزم کی بدولت کائنات کے اسرار کو سمجھنے میں دنیا کی فکری رہنمائی کی اور سائنس کی تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے رقم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عزم زندہ ہو تو ہاتھ نہ ہونے کے باوجود انسان نئے کارنامے سر انجام دے سکتا ہے۔ سید رفیع اللہ جیسے باہمت نوجوان بلوچستان کے دوسرے نوجوانوں کیلئے امید، حوصلے اور خوداعتمادی کا پیغام ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *