کوئٹہ:آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایات پر کوئٹہ سمیت صوبے کے 9 رینجز کے 33 اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ بلوچستان پولیس کی جانب سے اشتہاری مجرموں، عدالتوں سے مفرور ملزمان، عادی جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں خصوصی مہم جاری ہے۔ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 44 اشتہاری مجرموں، 249 مفرور ملزمان اور مختلف جرائم میں ملوث 492 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف مقدمات میں مغوی بنائے گئے 16 افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا، جن میں 11 سالہ بچی بھی شامل ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ مختلف کارروائیوں میں 108 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 95 پسٹل و ریوالور، 6 کلاشنکوف، 7 شارٹ گن و رائفل، 770 گولیاں و کارتوس اور 48 میگزین** برآمد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق بلوچستان پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی مو¿ثر کارروائیاں کرتے ہوئے 62 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 81 کلو 468 گرام چرس، 10 کلو 67 گرام آئس/شیشہ، 525 گرام افیون، 200 پیکٹس گٹکا، 45 گرام کرسٹل، 49 بوتلیں شراب، 6 لیٹر دیسی شراب اور غیر قانونی سگریٹ کے 1279 بڑے پیکٹ برآمد کیے گئے۔پولیس کے مطابق صوبے میں مختلف کارروائیوں کے دوران 3 مسروقہ گاڑیاں، 44 موٹر سائیکلیں اور 13 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی طور پر کالے شیشے استعمال کرنے والی 2253 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے۔ترجمان بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ صوبے میں پرامن ماحول کے قیام، قانون کی عملداری یقینی بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ پولیس فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ترجمان کے مطابق آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس اور عوام کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام پر مبنی رویہ اپنانے کے ساتھ ساتھ تھانوں میں آنے والے سائلین کی شکایات کا بروقت ازالہ اور شفاف انداز میں قانونی کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
اہم خبربلوچستان
بلوچستان پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی مہم تیز، 16 مغوی بازیاب
