بلوچستان

پولیو ٹیم کے کانسٹیبل پر فائرنگ کی مذمت، وزیر داخلہ بلوچستان کا بیان

کوئٹہ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے ڈیرہ مراد جمالی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل فرحان بشیر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے امن دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں شریک ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے معصوم بچوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے جامع تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس قومی مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *