اہم خبربلوچستان

پولیو کا خاتمہ ناگزیر، تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، غفلت برداشت نہیں ہوگی,چیف سیکرٹری شکیل قادر خان

کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ مہم کی تیاریوں، مائیکرو پلاننگ، ویکسینیشن کوریج اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو محترمہ عائشہ رضا نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔،صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی انعام الحق، اسپیشل سیکرٹری صحت شہک بلوچ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گزشتہ مہم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ آئندہ مہم کو م¶ثر اور کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے مستقل تدارک کے لیے بھی م¶ثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آئندہ نسلوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے لیے صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو ویکسین پلانے سے انکار اور زیرو ڈوز بچوں کی موجودگی دو مختلف مسائل ہیں، جن کے اسباب کا الگ الگ جائزہ لے کر م¶ثر حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے خاص طور پر ان اضلاع کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا جہاں گزشتہ مہمات کے دوران ویکسینیشن کوریج بہتر رہی، تاہم حالیہ مہم میں اس میں کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوریج میں کمی کی وجوہات کا فوری طور پر تعین کیا جائے اور ان کے تدارک کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے پولیو ٹیموں اور ویکسینٹرز کی حاضری اور فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت یا عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ جہاں عملے کی کمی ہے وہاں محکمہ صحت فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ کوئی ناقابلِ حصول ہدف نہیں، بلکہ م¶ثر حکمتِ عملی، ذمہ داری، اخلاص اور مسلسل نگرانی کے ذریعے اس مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور کئی شعبوں میں ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لہٰذا پولیو کے خاتمے کے قومی مقصد کے حصول کے لیے بھی اجتماعی عزم اور م¶ثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ چیف سیکرٹری نے آئندہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں، مہم کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ قبل ازیں ای او سی کوآرڈینیٹر بلوچستان انعام الحق نے سابقہ پولیو مہمات کی کارکردگی، موجودہ صورتحال اور آئندہ مہم کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *