اسلام آباد: مغربی ہواؤں کے باعث خطرناک دھواں اور آلودہ ذرات بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی جانب بڑھنے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر حکام نے ممکنہ صحت کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پڑوسی علاقوں سے آنے والی مغربی ہوائیں زہریلی فضائی آلودگی کو پاکستان کے ان دونوں صوبوں کی طرف دھکیل رہی ہیں جس سے فضائی معیار اور عوامی صحت کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
ماحولیاتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آلودگی خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کیلئے سنگین صحت کے مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع اس دھوئیں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
حکام نے صورتحال کی نگرانی شروع کر دی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جن میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ممکنہ حد تک ماسک کا استعمال شامل ہے۔
طبی ماہرین نے متعلقہ علاقوں کے اسپتالوں اور طبی مراکز کو بھی ممکنہ طور پر سانس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
حکام کے مطابق آلودگی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کو سرکاری ذرائع سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
