اسلام آباد: چینی کمپنیوں نے بلوچستان کے مینوفیکچرنگ شعبے میں تقریباً 2.6 ارب ڈالر اور معدنیات کے شعبے میں تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اس سرمایہ کاری سے صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی افراد کیلئے روزگار کے نمایاں مواقع پیدا ہوں گے۔
چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے، جو سابق صوبائی وزیر خزانہ امجد رشید کے ہمراہ تھا، منگل کے روز سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سیدال خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور سرمایہ کاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران چینی وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی سرمایہ کار آئندہ پانچ برسوں میں معدنیات، زراعت، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
وفد میں چینگ جیانگ انڈسٹریز (SMC-پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیئرمین ژانگ یانگ بھی شامل تھے۔
اس موقع پر دونوں جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان چین اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے چینی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، زراعت، سیاحت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔
