اہم خبربلوچستان

قوم پرستوں کو ترقی ہضم نہیں ہو رہی,علی مدد جتک کا اختر مینگل پر سخت ردعمل

کو ئٹہ:صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری ترقی اور خوشحالی کا سفر نام نہاد قوم پرست سرداروں اور نوابوں کو ہضم نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ بطور نگران وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے بلوچستان کو ایک تاریخی تحفہ دیا۔ چمن سے کراچی تک خونی شاہراہ کو ڈبل کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جو مکمل ہونے کے بعد بلوچستان میں سفری سہولیات اور معاشی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے دورِ حکومت میں بھی بلوچستان میں جدید ٹراما سینٹرز، پیپلز ٹرین سروس، گرین بس، پنک بس اور مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیش رفت جاری ہے۔ یہ منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ بلوچستان کے نام پر سیاست کرنے والے قوم پرست سرداروں اور نوابوں نے صوبے کو لاشوں، نفرت اور محرومی کی سیاست کے سوا کیا دیا اس کے برعکس میر سرفراز بگٹی اور سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ جیسے رہنماو¿ں نے بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم دیا اور انہیں آکسفورڈ، ہارورڈ، ایچی سن کالج سمیت پاکستان اور دنیا کے مختلف تعلیمی اداروں تک پہنچنے کے مواقع فراہم کیے۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں ترقی، تعلیم، صحت، سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور روزگار کے منصوبوں پر عملی کام ہو رہا ہے۔ عوام اب نعروں اور منفی سیاست کے بجائے عملی اقدامات دیکھ رہے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی کے منفی پروپیگنڈے سے نہیں رکے گا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *