بلوچستان

بلوچستان کابینہ نے وزرا اور معاونین کی دو ماہ کی تنخواہیں معاف کرنے کا اعلان کر دیا

کوئٹہ: بلوچستان کابینہ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت صوبائی وزرا، مشیروں اور پارلیمانی سیکریٹریز کی دو ماہ کی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ارکانِ صوبائی اسمبلی (ایم پی ایز) نے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہوں میں 25 فیصد کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

بدھ کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے وزرا، مشیروں اور پارلیمانی سیکریٹریز دو ماہ کی تنخواہیں نہیں لیں گے۔ اس کے ساتھ ہی صوبائی اسمبلی کے تمام ارکان نے اپنی تنخواہوں میں رضاکارانہ طور پر 25 فیصد کمی کرنے پر اتفاق کیا۔

کابینہ اجلاس میں مزید کفایت شعاری مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا جس کے تحت سرکاری دفاتر میں چار روزہ ورکنگ ویک اور ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اخراجات اور توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

صوبائی حکومت کے مطابق یہ اقدامات موجودہ معاشی دباؤ کے پیش نظر مالی وسائل کے مؤثر استعمال اور بجٹ کے بہتر انتظام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *