کاروبار

پاکستان میں 5G اسپیکٹرم نیلامی، 500 ملین ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ تاریخی پیش رفت

پاکستان میں 5G اسپیکٹرم کی نیلامی تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہوگئی، جسے ملک کے ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت کو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث پاکستان میں مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

نیلامی کے عمل میں نمایاں ٹیلی کام کمپنیوں نے حصہ لیا، جن میں زونگ (چائنا موبائل)، یوفون (اتصالات) اور جاز (ویون گروپ) شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کی کامیاب بولیوں نے نہ صرف پاکستان میں جدید ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی راہ ہموار کی ہے بلکہ ملک میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے امکانات بھی مزید روشن کیے ہیں۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق یہ نیلامی پاکستان کے ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کی واضح علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے نئی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت، پالیسی اصلاحات اور کاروباری ماحول پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق 5G ٹیکنالوجی کے آغاز سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار اور ڈیجیٹل سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے ای کامرس، آئی ٹی سروسز، آن لائن تعلیم، صحت اور اسمارٹ سٹی جیسے شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پیش رفت پاکستان کو خطے میں ڈیجیٹل معیشت کے میدان میں مزید مسابقتی بنانے میں بھی مدد دے سکتی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *