اہم خبربلوچستان

بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی، میر سلیم کھوسہ

کوئٹہ:وزیر مواصلات و تعمیرات بلوچستان میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کے ثمرات ہر علاقے تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔اپنے ایک بیان میں میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ مواصلات و تعمیرات کا شعبہ بلوچستان کی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، بہتر سڑکیں نہ صرف اضلاع اور شہروں کو آپس میں ملاتی ہیں بلکہ تجارت، زراعت، روزگار اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ جہاں بنیادی ڈھانچے کی مزید ضرورت ہے وہاں ترجیحات کا تعین کرکے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنانا ضروری ہے۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران اور انجینئرز منصوبوں کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ سرکاری وسائل کا مو¿ثر استعمال ہو اور عوام کو دیرپا سہولیات میسر آسکیں۔وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ترقیاتی بجٹ عوامی ضروریات اور زمینی حقائق کے مطابق خرچ کیا جائے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں کو بھی ترقیاتی عمل میں شامل کیا جائے گا تاکہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات میں موجود محرومیوں کو کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سڑکوں کا مضبوط اور مربوط نظام ناگزیر ہے۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *