اہم خبربلوچستانپاکستان

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 آج، ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدوار شریک ہوں گے

اسلام آباد (آن لائن) ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان آج (اتوار کو ) صبح 10 بجے منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدوار شریک ہوں گے۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق امتحان کے شفاف اور محفوظ انعقاد کے لیے ملک بھر میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی پاکستانی طلبہ کے لیے ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا پرچہ 180 سوالات پر مشتمل ہوگا، جبکہ تین گھنٹے دورانیے کے اس ایم سی کیوز ٹیسٹ کے کل 180 نمبر ہوں گے۔ پرچے میں بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، انگریزی اور آئی کیو سے متعلق سوالات شامل ہوں گے۔ کونسل کے مطابق سوالات ملک بھر سے منتخب ماہرین نے تیار کیے ہیں۔ پیپر لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک میں امتحان منسوخ ہونے کے خدشے سے بچنے کے لیے ہر صوبے کو دو الگ پرچے فراہم کیے گئے ہیں۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی ۔ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے کم از کم پاسنگ مارکس 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالجز کے لیے 50 فیصد مقرر کیے گئے ہیں۔ شفافیت کے لیے امیدواروں کو کاربن کاپی کے ساتھ اپنا پرچہ حل کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ امتحان کے بعد ’آنسر کی‘ بھی اپ لوڈ کی جائے گی۔ پی ایم ڈی سی نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحانی مراکز پرصبح 7 بجے تک پہنچ جائیں۔ امیدواروں کو امتحان کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔ امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری مختلف صوبوں میں متعلقہ میڈیکل جامعات کو سونپی گئی ہے۔ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے سپرد کی گئی ہے۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو دی گئی ہے۔ بلوچستان کے ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں بھی اضافی ایم ڈی کیٹ امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق اس مرکز سے بلوچستان کے ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار استفادہ کرسکیں گے۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے علیحدہ پورٹل قائم کیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ کے مسائل کے پیش نظر انہیں امتحان کی ہارڈ کاپی فراہم کی جائے گی۔ آزاد کشمیر کے امیدواروں کے لیے اسلام آباد میں بھی خصوصی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری صوبوں اور متعلقہ میڈیکل یونیورسٹیوں کی ہے، جبکہ وزارت صحت اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل امتحان کے مجموعی عمل کی نگرانی کریں گے۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق امتحان کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور امیدواروں کے لیے شفاف ماحول میں ٹیسٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *