اہم خبرپاکستان

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد:خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں عزمِ استحکام ویڑن اور آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دہشت گرد عناصر کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے گورندر، ماشکیل میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ماشکیل میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور بعد ازاں فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عزمِ استحکام ویڑن کے تحت ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *