اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے لائیو اسٹاک شعبے کو برآمدات کا مؤثر ذریعہ بنانے کیلئے خصوصی فارم ہاؤسز قائم کرنے، اعلیٰ نسل اور زیادہ پیداوار کے حامل مویشی درآمد کرکے ان کی افزائش و نشوونما کے بعد برآمد کرنے اور ایسے مویشیوں کی درآمد کو ڈیوٹی فری کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے لائیو اسٹاک شعبے کو جدید اور کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے جامع اصلاحات کی تیاری اور نفاذ کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لائیو اسٹاک شعبے میں جاری اصلاحات اور اس کی برآمدی استعداد بڑھانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں شعبے کی مجموعی استعداد، بیماریوں کے تدارک، گوشت کی برآمدات، جدید فارمنگ، ویلیو چین کی بہتری اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مویشیوں کی برآمد کیلئے خصوصی فارم ہاؤسز قائم کیے جائیں جہاں اعلیٰ نسل اور زیادہ پیداوار کے حامل مویشی درآمد کرکے ان کی مناسب نشوونما اور افزائش کے بعد انہیں بیرون ملک برآمد کیا جائے۔ انہوں نے ان خصوصی فارم ہاؤسز کیلئے مویشیوں کی درآمد کو ڈیوٹی فری کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اس امر کو یقینی بنانے کیلئے کہ خصوصی فارمز میں نشوونما پانے والے مویشی برآمد ہی کیے جائیں، جانوروں کی شناخت اور نگرانی کیلئے جدید ٹیگنگ اور ٹریس ایبلٹی نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مویشیوں کی پیدائش، افزائش، صحت، ویکسینیشن اور برآمد تک مکمل ریکارڈ برقرار رکھا جائے تاکہ پاکستان کی لائیو اسٹاک مصنوعات عالمی معیار اور بین الاقوامی تقاضوں پر پورا اتر سکیں۔وزیراعظم نے لائیو اسٹاک شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اس کی کارپوریٹ طرز پر تنظیم نو کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شعبے میں اصلاحات کی تیاری اور ان پر مؤثر عمل درآمد کیلئے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے تاکہ لائیو اسٹاک کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور برآمدی شعبے کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے کا 60 فیصد سے زائد حصہ لائیو اسٹاک پر مبنی ہے اور اس شعبے میں برآمدات بڑھانے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔
اہم خبرپاکستان
وزیراعظم کا خصوصی فارم ہاؤسز کے قیام، اعلیٰ نسل کے مویشی درآمد کرنے کا فیصلہ
