اسلام آباد : وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں منصوبے ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیے جائیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر کام ڈبل شفٹ میں جاری رکھا جائے اور تعمیراتی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری دور کی جائیں اور تعمیراتی کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی راہ میں حائل تمام تجاوزات ایک ہفتے کے اندر ختم کی جائیں تاکہ ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رہ سکیں۔محسن نقوی نے کہا کہ مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمدورفت کے لیے ایک متبادل راستہ میسر آئے گا، جس سے سفری سہولتوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔سی ڈی اے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مارگلہ روڈ سے سنگجانی انٹرچینج تک منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے، جبکہ منصوبے میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج شامل ہے۔دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے
اہم خبرپاکستان
مارگلہ روڈ توسیعی منصوبہ اور سنگجانی انٹرچینج 31 دسمبر تک مکمل کیے جائیں، محسن نقوی
