اہم خبرپاکستان

محمد اورنگزیب کی عالمی مالیاتی اداروں سے ملاقاتیں، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

بنکاک : وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال میں بہتری آ رہی ہے اور ملک نے بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ امور تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران زیر بحث لائے۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایف سی کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے علاقائی نائب صدر عماد فخوری سے ملاقات کی، جس میں نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں آئی ایف سی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں، چھوٹے کاروباروں کے لیے مالی معاونت، سرمایہ منڈیوں کی ترقی اور گرین و ڈیجیٹل بانڈز کے ذریعے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی مالی معاونت میں آئی ایف سی کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ ملاقات میں معدنی وسائل سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور معدنیات کی مقامی سطح پر قدر میں اضافے، سستے مکانات کی فراہمی اور تعمیراتی شعبے کے لیے مالی معاونت کے امکانات بھی زیر غور آئے۔ زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے بہتر ذخیرہ کاری، کولڈ چینز اور الیکٹرانک گودام رسیدوں کی بنیاد پر مالی سہولتوں کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ فریقین نے لائیو اسٹاک کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے، ضابطہ جاتی معیار بہتر بنانے اور ادویات کی برآمدات کو فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ پانی کے شعبے میں سرکاری و نجی شراکت داری، بجلی کی جدید میٹرنگ اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی معاونت کے مختلف طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثنا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمٰن المرشد سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے سعودی عرب میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی دیرینہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی شمولیت مضبوط بنانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان میں آئل ریفائنریوں کی بہتری اور اس شعبے میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق سعودی فنڈ برائے ترقی کے تعاون سے پاکستان میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔ ملاقات میں مستقبل کے ترقیاتی تعاون کو مو¿ثر بنانے کے لیے نئے منصوبوں کی جامع فہرست تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ سعودی فنڈ نے اپنے دائرہ کار کے اندر پاکستان کی مسلسل معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تینوں فریقوں کے ساتھ ہونے والی ان ملاقاتوں میں سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی استعداد بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کو پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم شعبوں کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ ان رابطوں کا مقصد پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا، جاری ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کو وسعت دینا اور معاشی استحکام کو پائیدار ترقی اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *