کوئٹ رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان حاجی محمد خان عرف طور اتمانخیل کی قیادت میں اعلی سطحی وفد نے ڈپٹی کمشنر حسیب شجاع سے خصوصی ملاقات کی اور ترقیاتی امور عوامی مسائل کے حل اور فلاحی اقدامات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جس میں ضلع کو درپیش اہم انتظامی و ترقیاتی امور پر بات چیت ہوئی ۔
وفد میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اصغر خان اوتمانخیل، چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر، سردار عبدالناصر جوگیزئی، عبید اللہ اوتمانخیل اور ٹھیکیدار بختیار کبزئی سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔ملاقات میں ضلع لورالائی کو درپیش دیرینہ مسائل، بالخصوص پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کی سہولیات، سڑکوں کی خستہ حالی، صفائی کے نظام اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ایم پی اے حاجی محمد خان اور دیگر نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے ہی مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے اور لورالائی کو ایک مثالی ضلع بنایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر حسیب شجاع نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ جلد ہی ضلع بھر میں صفائی مہم، انسداد تجاوزات آپریشن اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرنے کا بھی عندیہ دیا۔اسکے علاوہ ضلعی سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے، جس میں منتخب نمائندے اور انتظامی افسران مل کر ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں گے۔شہری حلقوں نے اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور ضلع لورالائی میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا
بلوچستان
بلوچستان کے رکن اسمبلی حاجی محمد خان عرف طور اتمانخیل کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی
