ٹیکنالوجی

114 رفال طیاروں سمیت ہتھیاروں کے لیے 40 ارب ڈالرز کی منظوری: کیا یہ ڈیل واقعی انڈیا کے لیے ’گیم چینجر‘ ہوگی

انڈیا نے جمعرات کے روز 40 ارب ڈالر (36 کھرب انڈین روپے) مالیت کے دفاعی سازوسامان کی خریداری کی ابتدائی منظوری دے دی ہے جس میں انڈین فضائیہ کے لیے مزید فرانسیسی رفال طیارے بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق انڈین وزارت دفاع نے کہا کہ ’ڈیفینس اکیوزیشن کونسل نے فضائیہ کے لیے مزید رفال لڑاکا طیارے اور میزائل، فوج کے لیے اینٹی ٹینک میزائل اور بحریہ کے لیے P-8I جاسوس طیاروں کے لیے ابتدائی منظوری دے دی ہے۔‘

’روئٹرز‘ کے مطابق جمعرات کے روز انڈیا کے مقامی میڈیا نے یہ رپورٹ کیا تھا کہ ’ڈیفینس اکیوزیشن کونسل نے ڈیسو ایوی ایشن سے 114 رفال طیاروں کی خریداری کے لیے 32 کھرب 50 ارب انڈین روپے کی منظوری دے دی۔‘

جمعرات کو دہلی میں ہونے والے اجلاس میں اس بجٹ کی منظوری دی گئی جس کے تحت مزید رفال لڑاکا طیارے انڈین فضائیہ میں شامل کیے جائیں گے۔

انڈین وزارت دفاع نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ اس کا مقصد فضائی قوت میں اضافہ اور نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔

اس بجٹ کی منظوری فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کے دورہ انڈیا سے چند روز قبل کی گئی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ فرانسیسی صدر کے دورے کے دوران اس حوالے سے معاہدہ طے پا جائے گا۔

واضح رہے کہ انڈیا نے گذشتہ برس اپریل میں بھی فرانس کے ساتھ 26 رفال فائٹر جیٹ خریدنے کا ایک معاہدہ کیا تھا۔ ان جنگی جہازوں کی مجموعی قیمت تقریباً 63 ہزار کروڑ روپے یا تقریبآ آٹھ ارب ڈالر بنتی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *